کھیتوں سے سپرے ملا پانی پینے سے 30 بھیڑ بکریاں ہلاک
سکندرآباد(نامہ نگار)راجہ رام میں مکئی کے کھیتوں سے سپرے ملا پانی پینے سے چرواہے کی لاکھوں روپے مالیت کی 30 بھیڑ بکریاں ہلاک ،متعدد کی حالت خراب ،محکمہ لائیو سٹاک بچ جانیوالی بھیڑ بکریوں کی ویکسین کردی ۔۔۔
بکریوں کامالک صدمے سے بے ہوش ،ہسپتال منتقل۔تفصیل کے مطابق راجہ رام ماڈی نون میں سندھ گھوٹکی سے آئے ہوئے چرواہے کی بھیڑ بکریوں نے قریبی مکئی کے کھیتوں سے پانی پیا جن سے ان کی حالت غیر ہوگئی ،پانی پینے سے کچھ دیر بعد تقریباً لاکھوں روپے مالیت کی30 کے قریب بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں ا ور متعدد کی حالت خراب ہوگئی جس پر مالکان نے چیخ وپکار شروع کردی ۔چرواہے کی چیخ وپکار پر اہل علاقہ جمع ہوگئے جنہوں نے فوری طورپر محکمہ لائیو سٹاک کو کال کی ،محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جن بھیڑ بکریوں کی حالت خراب تھی ان کی فوری طورپر ویکسین کردی جس سے ان کی حالت بہتر ہوگئی ۔مقامی لوگوں کے مطابق کھیتوں میں سپرے کی ہوئی تھی جس کا پانی پینے سے بھیڑ بکریوں کی ہلاکت ہوئی ،30بھیڑ بکریوں کی ہلاکت سے مالک صدمے سے بے ہوش گیا جس کو طبی امداد کے قریبی ہسپتا ل منتقل کردیاگیا۔