میپکو:ہنگامی مرمت بر وقت نہ ہونے پر کارروائی،افسروں کو انتباہ
ملتان(خصوصی رپورٹر)میپکو انتظامیہ نے ریجن بھر میں ہائی ٹینشن فیڈرز پر لوڈ کی صورتحال مانیٹر کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔
اور ہنگامی مرمت کے پروگرام پر عملدرآمد نہ کرنے والے شعبہ آپریشن کے ایس ڈی اوز اور متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنیکا عندیہ دیدیاہے ۔ چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن میپکو محمد شہزاد راعی نے انچارج پاورکنٹرول سنٹر میپکو ہیڈ کوارٹر ملتان کوہدایات جاری کی ہیں کہ 13اضلاع میں بجلی فراہم کرنے والے تمام فیڈرز پرلوڈ کی 24گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے اور دانستہ طورپر لوڈ کم کرنے والے آپریشنل افسران سے وضاحت طلب کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں ڈسٹری بیوشن سسٹم کی مینٹینینس، اپ گریڈیشن، فیڈرز کی ایریاپلاننگ، بیلنسنگ اور ری ہیبلی ٹیشن کے لئے کریش مینٹی نینس پروگرام شروع کیاگیاہے اور میٹریل بھی فراہم کیاگیاہے ۔ تمام افسران شٹ ڈاؤن شیڈول میں مرمتی کام ،ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی بیلنسنگ اور تبدیلی بھی کی جائے ۔ موسم سرما میں ہونے والے تمام فیڈرز کی ذمہ داری متعلقہ افسران پر عائد ہوگی اور اگر کسی بھی فیڈر سے ٹرپنگ/بریک ڈاؤن کی شکایات سامنے آئیں تو متعلقہ افسران کے خلاف پاکستان واپڈا ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔