کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹر کا مقصد مسائل کا فوری حل،شہزاد راعی
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن میپکو محمد شہزاد راعی نے کہا ہے کہ کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹرز کے قیام کا مقصد صارفین کے مسائل آن لائن حل کرکے سہولیات فراہم کرناہے ۔
ملتان شہر میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تین سنٹرز کا قیام کیاگیاہے جہاں صارفین کی تمام بجلی سروسز اور شکایات حل کی جارہی ہیں ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے بوسن روڈ پر قائم کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹر کے دورے کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ میپکو ملک کی واحد کمپنی ہے جہاں کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں اور صارفین کو نئے کنکشنوں کی فراہمی، بلوں کی اقساط، بلوں کی تاریخ ادائیگی میں توسیع، لوڈ میں توسیع ، بجلی سے متعلق تمام شکایات کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CCMS) اور آن لائن درج شدہ فورمز کے ذریعے حل کی جارہی ہیں ۔ میپکو دفاتراور کھلی کچہریوں میں درج ہونے والی شکایات کو فوری طورپر کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CCMS) کا حصہ بنایاجارہاہے تاکہ صارفین کو دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں ۔