پی ٹی آئی وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی، مخدوم احمد محمود
ملتان(لیڈی رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود، خواجہ رضوان عالم،عبدالقادر شاھین نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشترکہ میڈیا بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جس دن سے اس ملک پر مسلط کی گئی تھی۔
اس دن سے آج تک نافرمانی ہی نافرمانی کرتی آ رہی ہے قوم گواہ ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں آنے سے پہلے جو وعدے عوام سے کئے تھے ۔ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر کے ملک و قوم کو مہنگائی و بے روزگاری کی دلدل میں دھکیل دیا اور حکومت جانے کے بعد 9مئی کا واقعہ اور 24 نومبر کے حالات سے واضح ہے کہ پی ٹی آئی ملک و قوم کی ترقی کے بجائے بربادی چاہتی ہے ۔ سول نافرمانی کا فیصلہ غیر جمہوری، غیر آئینی اور ملکی و قومی مفادات کے خلاف گہری سازش ہے ایک پارٹی چاہتی ہے کہ عوام کو گمراہ کر کے اداروں کو کمزور کیا جائے۔ تا کہ ملک میں بد امنی و انتشار کی صورتحال پیدا ہو جس سے ملک مزید سیاسی عدم استحکام اور سنگین معاشی مشکلات کا شکار ہو لیکن پاکستان کی غیور و محب وطن عوام سول نافرمانی کی تحریک کو رد کر کے تحریک انصاف پر ملکی دشمنی کی مہر لگا دے گی ۔