مارک اپ شرح کو 4فیصدتک کم کیاجائے ،خواجہ حسین
ملتان(لیڈی رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کے سابق صدر اور معروف کاروباری شخصیت خواجہ محمد حسین نے سٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ آمدہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں مارک اپ کی شرح کو کم از کم 4 فیصد تک کم کیا جائے ۔
مہنگائی کم کرنے کے حکومتی دعوؤں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کوفروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ 15 فیصد کی موجودہ مارک اپ شرح اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔خواجہ محمد حسین نے کہا کہ مارک اپ کی شرح میں 4 فیصد کمی سے کاروبار کی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا جبکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے ساتھ ساتھ اب یہ کاروبار کو حوصلہ دینے اور پاکستان کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کا بہترین وقت ہے ۔ان نے پالیسی کمیٹی سے پرزور مطالبہ کرتے کہا کہ وہ پاکستان کی معاشی بحالی اور ترقی کی حمایت کرتے ہوئے اس کمی پر غور کرے ۔