پنجاب ٹیچرز یونین کا حقوق کیلئے ملکر جدو جہد کا اعلان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین گوجرانوالہ کے تمام گروپس کا گورنمنٹ ایف ڈی ماڈل ایلیمنٹری سکول چراغ نگر نوشہرہ روڈ میں ہنگامی اجلاس، صوبائی نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین طارق قریشی کی اجلاس میں خصوصی شرکت ۔۔۔
پنجاب ٹیچرز یونین گوجرانوالہ کے چیف آرگنائزر نعیم اﷲ دیو، ضلعی صدر پنجاب ٹیچرز یونین محمد شازب اعوان، ضلعی نائب صدر شفیق بٹ، سٹی جنرل سیکرٹری محمد شہباز خان، میونسپل کیڈر کے ضلعی صدر اصغر جاوید پھلروان، محمد شہزاد و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب ٹیچرز یونین گوجرانوالہ کے تمام گروپس کے اساتذہ کے وسیع تر مفاد کیلئے اتحاد اور اکٹھے ملکر پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین بالخصوص اساتذہ کے حقوق کیلئے جنگی بنیادوں پر جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ، گوجرانوالہ کے تمام صوبائی محکموں کے عہدیدار وں سے فوری رابطہ تیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تاکہ پنجاب حکومت کی ناانصافیوں پر مبنی اور ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو سکیں اور اپنے غصب شدہ حقوق کیلئے دن رات کوشش جاری رکھتے ہوئے اپنی تمام مراعات واپس لی جا سکیں۔ اس موقع پر صوبائی نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین طارق قریشی نے کہا کہ تمام اساتذہ تنظیموں اور ایپکا کے ساتھ مل کر اپنے حقوق کی جنگ لڑنا ہو گی اور اس سلسلہ میں سول سوسائٹیز، پنجاب بار کونسل کو بھی اعتماد لیا جائیگا ۔