پنجاب میں ہدف سے زیادہ گندم کاشت کی گئی،عاشق کرمانی
ملتان(وقائع نگار خصوصی)صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں زیادہ گندم اُگاؤ مہم سمیت دیگر اہم منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کو بتایا گیا کہ زیادہ گندم اُگاؤ پیکیج کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور صوبہ میں 1 کروڑ67 لاکھ ایکڑ رقبہ گندم کے زیر کاشت لایا گیا ہے جو مقرر کردہ ہدف سے زیادہ ہے۔اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب زیادہ گندم اُگاؤ پیکیج سے صوبہ میں نہ صرف ملکی فوڈ سکیورٹی کا حصول ممکن بنایا گیا بلکہ اس پیکیج کے تحت زیادہ گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو1 ہزار لیزر لینڈ لیولرز اور 1 ہزار گرین ٹریکٹرز بذریعہ قرعہ اندازی مفت فراہم کئے جائیں گے ۔