لاکھوں پودے مرجھاگئے،جنگلات کی بقا کو خطرہ
ملتان(جان شیر خان)پورے جنوبی پنجاب میں محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے کی جانب سے لگائے گئے لاکھوں پودے دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث مرجھا گئے جبکہ جنوبی کے مختلف اضلاع میں درختوں کو غیرقانونی طور پر متواتر کاٹے جانے سے رہے سہے جنگلات کی بقا بھی خطرے سے دوچار ہو گئی ۔
محکمہ جنگلات ملتان ڈویژن نے پچھلے پانچ سال میں آٹھ کروڑ 45لاکھ سے زیادہ اور جبکہ جنوبی زون نے دو کروڑ 42 لاکھ کے قریب نئے پودے لگائے تھے ۔ یہ پودے نہروں کے کناروں، عباسیہ، چیچہ وطنی، پیرووال اور ڈیرہ غازیخان کے جنگلات، ولہار صادق آباد اور لال سہانرا پارک سمیت بہت سی جگہوں پر لگائے گئے جن میں سے بیشتر کو بڑھنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔ ملتان اور گردونواح سمیت پورے جنوبی پنجاب میں درختوں کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے جس سے موسم اور ماحول براہ راست متاثر ہو رہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ رواں سیزن میں سموگ کا مسئلہ بھی ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں شدت کیساتھ سامنے آیا۔جنگلات کے رقبے میں متواتر کمی کے باعث پچھلے چند سال سے ملتان اور گردونواح میں ماحول کا توازن بھی بگڑ چکا ہے ۔ محکمہ جنگلات کے چند اہلکاروں نے بتایا کہ بہت سے پودے درخت بننے سے پہلے ہی ختم ہو گئے ہیں۔