ثقافت کو زندگی کا بنیادی اصول سمجھا جاتا ہے :اجمل چانڈیہ

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) پارلیمانی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن و ممبر صوبائی اسمبلی محمد اجمل خان چانڈیہ نے ۔۔
کہا ہے کہ پنجاب کا اپنا ایک کلچر ہے ، پنجاب پاکستان کا وہ صوبہ ہے جس کی ثقافت تہواروں ‘کھانوں’ ملبوسات اور قدیم مقامات سمیت اپنے اندر ہزاروں رنگ سموئے ہوئے ہے ۔ پنجابی ثقافت دنیا کی تاریخ میں سب سے قدیم ترین ثقافتوں میں شمار ہوتی ہے ۔ ثقافتی، تاریخی، مذہبی اور جغرافیائی طور پر پنجاب اپنے اندر ہر وہ کشش رکھتا ہے جو ایک سیاح کو اپنی طرف کھینچ لے یعنی پنجاب میں تاریخی قلعے ہیں، دریا ہیں، ریگستانی سلسلے ہیں۔ خوبصورت باغات ہیں۔ پہاڑی سلسلے ہیں اور پنجاب اپنے صحت بخش اور مزیدار کھانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر پوسٹ گریجویٹ کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ تہذیب و ثقافت کو انسانی زندگی کا بنیادی اصول سمجھا جاتا ہے ۔ ثقافت یعنی ایک معاشرے اور ایک قوم کی اپنی خصوصیات اور عادات و اطوار، اس کا طرز فکر، اس کا دینی نظریہ، اسکے اہداف و مقاصد، یہی چیزیں ملک کی تہذیب کی بنیاد ہوتی ہیں۔ یہی وہ بنیادی چیزیں ہیں جو ایک قوم کو شجاع و غیور اور خود مختار بنا دیتی ہیں اور ان کا فقدان قوم کو بزدل اور حقیر بنا دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب کے زیر اہتمام پورے پنجا ب میں کلچر ڈے منایا جارہا ہے جس کے مقصدایک ثقافت کے ذریعے عوام کو متحد کرنا ہے ۔ اس موقع پر کالج کے طلبا و اساتذہ نے روائتی ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے ، طلبا نے مقامی دھن پر رقص بھی پیش کیا جس کو حاضرین نے بڑا سراہا۔