اسرائیلی جارحیت،کوٹ ادو میں بھی آج مکمل شٹر ڈاؤن ہوگا

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)غزہ کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انجمن تاجران ضلع کوٹ ادو نے بھی آج ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کر دی۔۔
،آج ضلع کوٹ ادو کے تمام تجارتی وکاروباری مراکزبندرہیں گے ،اس حوالے سے مرکزی انجمن تاجران کا اجلاس زیرصدارت مرکزی انجمن تاجران کے ضلعی صدرمحمدعثمان شیخ منعقد ہوا،اجلاس میں انجمن تاجران ضلعی مرکز کے تمام صدورو مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداران ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کیا گیا،شہر کے تمام کاروباری و تجارتی ادارے ،غلہ منڈی بازار مارکیٹیں،پلازے بند رہیں گے ،مرکزی انجمن تاجران کے ضلعی صدرمحمدعثمان شیخ نے تمام کاروباری طبقات سے اپیل کی ہے کہ اس ہڑتال میں شامل ہوکر کم از کم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی داد رسی میں شامل ہوجائیں۔اجلاس میں مرکزی انجمن تاجران کے ضلعی صدرعثمان شیخ کاکہناتھاکہ امریکہ اور اسرائیل کی بربریت نے 70ہزار سے زائد خواتین مرد،بچے شہید کردیئے ،ہزاروں کی تعداد میں ملبے تلے دبے ہیں ،یہ منظر کربلا کا منظر پیش کرنے لگا ہے ،چھوٹے چھوٹے معصوم بچے پانی اور خوراک کیلئے بلک رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم ہر فورم پر اسرائیلی ظلم وستم کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے ،اجلاس میں حالیہ ملکی حالات انڈیا کی گیدڑبھپکیوں پر قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اورانڈیا کی بزدلانہ حرکتوں کی پرزورمذمت کرتے ہیں ۔انجمن تاجران کوٹ ادو کی اپیل پر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے بھی آج سکول بند رکھنے کا اعلان کیا جبکہ کیمسٹ ایسوسی ایشن کوٹ ادو نے بھی ہڑتال میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے ۔