فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ،1ہزار لٹر ملاوٹی ناقص دودھ تلف

ملتان، ڈیرہ غازی خان (لیڈی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ملاوٹ کے خاتمے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگرم،ناردرن بائی پاس پر دودھ بردار گاڑی کی انسپکشن،1000 لٹر ملاوٹی دودھ تلف، سپلائر کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کیخلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران ناردرن بائی پاس پر دودھ بردار گاڑی پکڑ لی۔ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور فیٹ کی کمی پائی گئی۔ملاوٹی دودھ مختلف ملک شاپس اور ٹی سٹالز پر سپلائی کیا جانا تھا۔ملاوٹ ثابت ہونے پر غیر معیاری دودھ موقع پر تلف کردیا گیا۔دودھ میں ملاوٹ کرنے پر سپلائر کو بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ ملاوٹی دودھ بچوں کی نشوونما میں کمی کا باعث بنتا ہے ۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ملاوٹی دودھ کی روک تھام کیلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی جاری ہے ۔دریں اثنا ء ملاوٹی،ممنوعہ اشیاء رکھنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن،فوڈ سیفٹی ٹیم کی مین صدر بازار جام پور میں کریانہ سٹور پر کارروائی،400کلو ملاوٹی مصالحے ،60 کلو ممنوعہ چائنہ نمک تلف،سٹور مالک کو 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ۔