چولستان ـ:تاریخی قلعوں کی بحالی کیلئے پلان مرتب

چولستان ـ:تاریخی قلعوں کی بحالی کیلئے پلان مرتب

ملتان (وقائع نگار خصوصی) چولستان کے تاریخی قلعوں کی بحالی کے لئے اقدامات کا آغاز ، 2 ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت سے قلعوں کی اصل حالت میں بحالی کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔۔

 جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں اس مقصد کے لئے 1ارب 89 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کر دئیے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے تاریخی ورثہ کی بحالی کے لئے فنڈز فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے شکریہ ادا کیا اور پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دراوڑ فورٹ کی اصل حالت میں بحالی پر1ارب 80 کروڑ روپے خرچ ہونگے اور یہ منصوبہ دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جام گڑھ، میر گڑھ، موج گڑھ، دین گڑھ، پھلارا اور مروٹ فورٹس کو بھی اصل حالت میں بحال کیاجائے گا۔فواد ہاشم ربانی کا مزید کہنا تھا کہ چولستان میں20 سے زائد تاریخی قلعے مرحلہ وار محفوظ بنائے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ تاریخ ورثہ کی بحالی سے خطے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں