ٹرانسپورٹرز ، ڈرائیوروں کا پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کیخلاف احتجاج
شجاع آباد(نامہ نگار)ٹراسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ہائی ایس ڈرائیوروں کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف احتجاج۔۔
،قیمتوں میں کمی، کرایوں میں اضافہ یاایل پی جی کے استعمال کی اجازت کا مطالبہ بصورت دیگر پہیہ جام کی دھمکی۔تفصیلات کے مطابق صدر ٹراسپورٹرز ایسوسی ایشن شجاع آباد راؤ خالد باقر کی زیر سرپرستی ہائی ایس ڈرائیوروں نے کھوکھراں بس سٹینڈ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہم دیہاڑی دار لوگ ہیں، روزانہ کی بنیاد پر کماتے ہیں تو اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور گاڑیوں سے ایل پی جی سلنڈر ہٹانے کے بعد ہمارے لئے اپنے بچوں کا پیٹ پالنا اور گھروں کے چولہے جلانا مشکل ہوگیا ہے ۔ اگر پٹرول یا ڈیزل پر گاڑیاں چلائیں تو ہمیں نقصان ہوتا ہے ، کرایہ زیادہ وصول کریں یا ایل پی جی استعمال کریں تو ہماری گاڑیوں کا ہزاروں روپے چالان ہوتا ہے اور تھانے اور عدالت میں مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ماضی میں حکومتی اجازت کے بعد لاکھوں روپے خرچ کرکے اپنی گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈر اور انجن میں کٹ لگوائیں تھیں۔ صدر راؤ خالد باقر نے مزید کہا مسلسل نقصان کے باعث ڈرائیوروں نے اپنی گاڑیاں کھڑی کردی ہیں،بس اڈا ویران اور مسافر پریشان ہیں۔ مظاہرین نے وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ اور حکومتی ذمہ داروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ، کرایوں میں اضافہ یا ایل پی جی استعمال کرنے کی اجازت دی جائے ۔