دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب‘ بیٹ کے علاقے زیر آب

دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب‘ بیٹ کے علاقے زیر آب

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلابی ریلہ جاری ہے ۔ تونسہ بیراج پر 24 گھنٹے میں پانی کے اخراج میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اپ سٹریم ڈسچارج 309717 کیوسک سے بڑھ کر 329770 کیوسک اور ڈاؤن سٹریم 295717کیوسک سے بڑھ کر 314270کیوسک ہو گیا ہے۔

یوں بالترتیب 20053اور 18553 کیوسک کا اضافہ ہوا۔سیلابی ریلے کے باعث کچے کے متعدد علاقے زیر آب آ چکے ہیں جن میں نشان والا، بیٹ خادم والا، بستی واٹو، بستی شجراء، بستی کھلنگ سمیت کئی دیہات شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں گنا، کپاس، تل، چاول اور چارے کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور محکمہ آبپاشی الرٹ ہیں جبکہ کچے کے علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے ۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریائی حدود کے قریب غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں۔ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے 5 اگست سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب اور جہلم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ سکتی ہے ۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں