ایپکا مطالبات حکومت کو ارسال کئے جائیں گے ،فوادہاشم
ملتان (وقائع نگار خصوصی، لیڈی رپورٹر) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے لائبریری چوک بہاولپور میں پی ڈبلیو ڈی ملازمین کی ریلی دیکھ کر گاڑی خود روکی اور ایپکا قائدین سے ملاقات کر کے ان کے مطالبات سنے ۔
ایپکا قائدین نے حکومت پنجاب کے بیوگان کو تاحیات پنشن دینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کے خلاف نہیں، بلکہ سرکاری ملازمین کے حقوق کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو نوکری دینے کا نوٹیفکیشن بحال کیا جائے اور پنشن میں کٹوتی کے احکامات واپس لئے جائیں۔ اس موقع پر فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ عوام کی فلاح ریاست کی ترجیح ہونی چاہیے ۔ ایپکا کے مطالبات حکومت پنجاب کو ارسال کئے جائیں گے ۔
بعد ازاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اراضی ریکارڈ سنٹر سٹی بہاولپور کا اچانک معائنہ کیا اور شہریوں سے براہ راست سروس سے متعلق تاثرات حاصل کئے ۔ بیشتر افراد نے فرد ملکیت کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم وراثتی انتقال کے سلسلے میں آئے شہری عامر رئوف نے شکایت کی کہ سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر لقمان گجر دو سال سے ان کا انتقال نہیں کر رہے اور آج بھی سنٹر میں داخلے سے روک دیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے موجودہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر حدیقہ اسلم کو معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ عوامی خدمات میں رکاوٹ بننے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے سنٹر کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ بھی حکومت کو بھجوا دی ۔