سائوتھ سٹی ہسپتال میں سہولیات بہتر بنائی جائینگی ،ڈی سی
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شہریوں کو صحت کی بلا تعطل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس مقصد کے لئے مراکز صحت اور ہسپتالوں میں تمام وسائل بروئے کار لا کر بہتری لانے کی کوشش جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اچانک سائوتھ سٹی ہسپتال کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور صحت کی سہولیات پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں سے ملاقات کی اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ہسپتالوں میں مثالی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ، جبکہ ہیلتھ کونسل کے پلیٹ فارم سے ادویات اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو عوامی خدمت کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔