ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور کمشنر ڈیرہ کا دوآبہ فلڈ بند کا دورہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ربانی اور کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چودھری نے مظفرگڑھ کے حساس علاقے دوآبہ فلڈ بند کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ، چیف انجینئر آبپاشی رانا ذوالفقار علی اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔وفد نے فلڈ بند کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ فلڈ بند کی مضبوطی اور نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ بھاری مشینری اور ریسکیو آلات ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رکھے گئے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ربانی نے ہدایت کی کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر نگرانی مزید سخت اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ کمشنر اشفاق احمد چودھری نے کہا حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے اور ادارے ہر وقت الرٹ ہیں۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے بتایا کہ نشیبی اور بیٹ کے علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔