حکومت خصوصی بچوں کو یکساں مواقع فراہم کررہی :عمرانہ توقیر

حکومت خصوصی بچوں کو یکساں مواقع فراہم کررہی :عمرانہ توقیر

خصوصی بچوں کیلئے سپورٹس گالا ،بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی

وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ وہاڑی کے زیر اہتمام چاندنی پارک میں رنگا رنگ سپورٹس گالا 2025 کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی بچوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے سپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔ بچوں نے ریس، بیڈمنٹن، ریلے ریس اور اسٹینڈنگ لانگ جمپ سمیت مختلف مقابلوں میں مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کی مسکراہٹ اصل کامیابی ہے ، حکومت پنجاب خصوصی بچوں کو کھیلوں اور تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے اساتذہ و افسران کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ کھیل بچوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم نے کہا کہ خصوصی بچے کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں، انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع دینا وقت کی ضرورت ہے ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان ذیشان احمد نے کہا کہ سپورٹس سرگرمیاں خصوصی بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے مفید ہیں۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر نے جیتنے والے طلبہ وطالبات میں انعامات اور افسران میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں