اسلام آباد دھماکا ملک دشمن عناصر کی سازش،ن لیگی رہنما
دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، ملک سلطان محمودددیگر
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی الحاج ملک سلطان محمود ہنجراء، سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجراء اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک غلام قاسم ہنجراء نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب ہونے والے افسوسناک خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔ رہنماؤں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت امن و امان کی بحالی کے لیے پرعزم ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ریاست کی رِٹ قائم رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی ادارے پوری قوت کے ساتھ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سرگرمِ عمل ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔رہنماؤں نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے ۔ پاکستانی قوم متحد ہے اور حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائی ملک دشمن عناصر کی سازش ہے جو وطنِ عزیز میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت فعل ہے ، ایسے عناصر پاکستان کے دشمن ہیں جو خوف و بے یقینی کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں۔