نذرانہ دیئے بغیر سوئی گیس ڈیمانڈ نوٹس کا اجرا مشکل ہوگیا
نذرانہ دینے والوں کے ڈیمانڈ نوٹس جاری، مستحقین خوار،معذور شہری کا الزام
گگو منڈی (نامہ نگار)معذور شہری شوکت علی نے الزام لگایا ہے کہ سوئی گیس کا ڈیمانڈ نوٹس نذرانہ دیئے بغیر ملنا تقریباً ناممکن بنا دیا گیا ہے ۔ اس نے بتایا کہ اس کی بیوی ثمینہ شوکت نے نیا گیس کنکشن حاصل کرنے کے لیے 6 اکتوبر کو سیلز سپروائزر فیاض کھوکھر کے پاس فائل جمع کرائی تھی۔ ایک ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود اس کی درخواست کو مسلسل تاخیر کا سامنا رہا اور بالآخر 9 نومبر کو درخواست آن لائن کی گئی۔شوکت علی کے مطابق ایسے شہری جنہوں نے فیاض کھوکھر کے کارندے غلام مصطفیٰ کے ذریعے نذرانہ دے کر درخواستیں جمع کرائیں ان کے ڈیمانڈ نوٹس معمول کے مطابق جاری کر دیے گئے جبکہ باضابطہ طریقے سے درخواست دینے والوں کو غیر ضروری التوا کا سامنا ہے ۔دیگر شہریوں ملک اعجاز، قربان علی، محمد عباس سمیت متعدد درخواست گزاروں نے بھی اسی نوعیت کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ جن افراد نے بعد میں آ کر رقم دے کر درخواستیں جمع کرائیں ان کے ڈیمانڈ نوٹس پہلے جاری ہوئے جبکہ وہ ابتدائی درخواست دہندگان ہونے کے باوجود محروم ہیں۔انہوں نے ایم ڈی اور جی ایم سوئی گیس سے مطالبہ کیا ہے کہ بورے والا آفس میں ہونے والی مبینہ کرپشن اور تاخیری حربوں کی فوری شفاف تحقیقات کرائی جائے ۔