ایڈیشنل ڈائریکٹر کا سمرا پبلک ہائی سکول کا تفصیلی معائنہ
ملتان (خصوصی رپورٹر) ایڈیشنل ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن ساؤتھ پنجاب سید محمود نبی نے گورنمنٹ سمرا پبلک ہائی سکول ملتان کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مختلف کلاس رومز، لیبارٹریز اور سکول کے دیگر شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نے تدریسی عمل، طلبہ کی حاضری، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے میٹرک کلاس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر انہوں نے سینئر ایس ایس ٹی چودھری محمد علی کے بیٹے محمد طحہٰ کی میٹرک امتحان میں شاندار کامیابی کو خصوصی طور پر سراہا ۔انہوں نے ارشد علی رندال کے بیٹے جو اسی سکول کے طالبعلم ہیں کی تعریف کی جنہوں نے نویں جماعت میں 519 نمبر حاصل کر کے سکول کا نام روشن کیا ۔انہوں نے کہا کہ سکول انتظامیہ کی محنت قابلِ تحسین ہے اور امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ تعلیمی میدان میں بہتر نتائج پیش کرتا رہے گا۔