پولیو مہم میں کوئی بچہ محروم نہ رہے ، ڈی سی مظفرگڑھ
15تا 18دسمبر مہم جاری رہے گی، 8لاکھ 53ہزار بچوں کا ہدف مقرر کیا گیا
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر 15 دسمبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم میں ضلع کا کوئی بھی پانچ سال تک کا بچہ پولیو ویکسین کے قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہئے ۔ ہم سب نے مل کر ملک کو پولیو فری بنانا ہے اور اس کیلئے تمام ادارے اپنے فرائض دیانت داری سے سر انجام دیں۔یہ بات انہوں نے انسدادِ پولیو مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ اس مہم کو ہر صورت کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
والدین پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 15 سے 18دسمبر تک جاری رہنے والی مہم کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 8لاکھ 53ہزار 922بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ، جس کیلئے موبائل ٹیموں سمیت مجموعی طور پر 3 ہزار 693 ٹیمیں فیلڈ میں تعینات ہوں گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، محکمہ صحت کے افسر اور متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے ۔