ڈرون کی مدد سے بھی ای چالان کا سلسلہ شروع

ڈرون کی مدد سے بھی ای چالان کا سلسلہ شروع

ڈبل پارکنگ پر دو گاڑیوں کو 10،10ہزار کے فیس لیس ای ٹکٹس جاری اب سڑکوں پرلفٹرکی مدد سے گاڑیاں نہیں ہٹائی جائینگی،ڈی آئی جی ٹریفک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ای چالان کے سلسلے میں ٹریفک پولیس کا ایک اور اقدام، شہر میں ڈرون کے ذریعے ای چالان کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ صدر ، زیب النسا اسٹریٹ، پریڈی، ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں ڈرون کی پروازیں، ڈبل پارکنگ کرنے پر دو گاڑیوں کو 10،10 ہزار روپے کے فیس لیس ای ٹکٹس جاری کردیے گئے ۔ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق پولیس اور سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیم نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر چالان شروع کردیے ۔ ٹریفک پولیس کراچی اور سیف سٹی اتھارٹی کے نمائندوں نے ڈرون کے ذریعے نوپارکنگ کی خلاف ورزی پر چالان کیے ۔ نو پارکنگ، ڈبل اور ٹرپل پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے ای چالان کیے گئے ۔ڈرون میں جدید کیمرا نصب ہے جو سیف سٹی کے نظام سے منسلک ہے ۔ڈرون ٹریفک پولیس کا نمائندہ اڑائے گا اور خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیوں کا ای چالان کیا جائے گا۔پیرمحمد شاہ نے بتایا کہ ماضی میں نو پارکنگ اور ڈبل پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو لفٹرکی مدد سے ہٹایا جاتا تھا ،لفٹرکی مدد سے نو پارکنگ اورڈبل پارکنگ سے گاڑیاں ہٹانے سے شہری پریشانی کا سامنا کرتے تھے اور شہری ٹریفک پولیس اہلکاروں سے بھی الجھ جاتے ہیں۔ نوپارکنگ اورڈبل پارکنگ کرنے والے شہریوں کے خلاف بھی ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کی براہ راست مداخلت ختم کردی گئی ہے ،اب نو پارکنگ اورڈبل پارکنگ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فیس لیس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔اب سڑکوں پرلفٹرکی مدد سے گاڑیاں نہیں ہٹائی جائیں گی، اب شہریوں کے گھروں پر ای چالان آئے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں