پولیو مہم کی تیاریاں، 10 لاکھ بچے ہدف
چارہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل، 148ٹرانزٹ سکواڈ شہر کے داخلی ، خارجی ،راستوں، بس سٹینڈز، ریلوے سٹیشن سمیت اہم مقامات پر تعینات ہونگےپولیو مہم کی بہتر مانیٹرنگ کیلئے 133یونین کونسلز میں 833ایریا انچارجز ، 135میڈیکل آفیسرز تعینات ، کارکردگی کی کڑی نگرانی کرینگے ، نعمان صدیق
ملتان (لیڈی رپورٹر)ضلع ملتان میں تین روزہ قومی پولیو مہم 15 دسمبر سے شروع ہو رہی ہے ، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 10 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے مہم کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے بتایا کہ مہم کو مؤثر بنانے کے لئے ضلع بھر میں 4,021 پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ 148 ٹرانزٹ سکواڈز شہر کے داخلی و خارجی راستوں، بس سٹینڈز، ریلوے سٹیشنز اور دیگر اہم مقامات پر بچوں کو قطرے پلانے کے لئے تعینات ہوں گے ۔پولیو مہم کی بہتر مانیٹرنگ کے لئے 133 یونین کونسلز میں 833 ایریا انچارجز اور 135 میڈیکل آفیسرز بھی تعینات کئے گئے ہیں جو ٹیموں کی کارکردگی کی نگرانی کریں گے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹیں جمع کروائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا کہ اپنے بچوں کو مہم کے دوران قطرے پلانے کے لئے ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ہر بچہ محفوظ اور صحت مند رہے۔