میئر کراچی نے246 یونین کمیٹیوں کے 3سالہ اسپیشل آڈٹ کی ہدایت کردی
ہریوسی کوماہانہ 12لاکھ فراہم کئے جارہے ،فنڈزکے استعمال کامؤثر آڈٹ موجود نہیں،ڈائریکٹر جنرل لوکل کونسل آڈٹ سندھ کومراسلہ ارسال،مجموعی طورپر6ارب سے زائداداکئے ،حکام
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی تمام 246 یونین کمیٹیوں کے گزشتہ3مالی سالوں کا خصوصی مالیاتی آڈٹ کرانے کی ہدایت جاری کردی۔ اس سلسلے میں میئر ہاؤس سے جاری مراسلہ ڈائریکٹر جنرل لوکل کونسل آڈٹ سندھ کو ارسال کیا گیا ۔مراسلے میں کہا گیا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے کراچی کی یونین کمیٹیوں کو ماہانہ 1.2 ملین روپے فراہم کیے جا رہے ہیں جس پر خطیر رقم خرچ ہورہی ہے تاہم اب تک یونین کمیٹیوں کے فنڈز کے استعمال کا کوئی مؤثر آڈٹ موجود نہیں۔ یونین کمیٹیوں کی کارکردگی جانچنے اور مالی امور میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ان فنڈز کا مفصل آڈٹ کیا جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ رقم کہاں، کیسے اور کتنی استعمال ہوئی؟۔میئر نے ہدایت کی کہ گزشتہ 3 برس کا اسپیشل آڈٹ جلدمکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔ اس مراسلے کی کاپی آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سندھ کو بھی ارسال کی گئی ہے ۔حکام نے بتایا کہ جون 2023 سے ستمبر 2024 تک ایک ارب 96 کروڑ رقم ادا ہوئی، ستمبر 2024 سے ماہانہ 12 لاکھ حساب سے 4 ارب 42 کروڑ روپے ادا کیے گئے ۔ہر یونین کونسل کو پہلے 5 لاکھ پھر 12 اور اب 13 لاکھ مل رہے ہیں، 5 لاکھ مدت میں 80 لاکھ اور 12 لاکھ دور میں ایک کروڑ 80 لاکھ روپے ادا ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ فی یونین کونسل کو 31 ماہ میں مجموعی 2 کروڑ 60 لاکھ رقم مل چکی ہے ، 31 ماہ میں شہر کی 246 یونین کمیٹیوں کو 6 ارب 39 کروڑ سے زائد جاری ہوئے ہیں۔