انسداد پولیو مہم کا افتتاح،غفلت پر کارروائی کی وارننگ
7586 ٹیمیں تشکیل ، چاروں اضلاع میں 15 لاکھ 56 ہزار 545 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ایم پی اے رانا منور غوث کے ہمراہ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاوکے قطرے پلا کر 15 سے 18 دسمبر تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ چاروں اضلاع میں مہم کے دوران 15 لاکھ 56 ہزار 545 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے 7586 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 6966 موبائل، 386 فکسڈ اور 273 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ مہم کی نگرانی کے لیے 322 یو سی ایم اوز اور 1366 ایریا انچارجز تعینات کیے گئے ہیں۔پولیو مہم میں مختلف محکموں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں، جن میں محکمہ صحت کے 6253 رضاکار، محکمہ تعلیم کے 6515 اہلکار، بہبود آبادی کے 487، سول ڈیفنس کے 572 اور دیگر محکموں کے 106 اہلکار شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 13 ہزار 9 سو سے زائد افراد مہم میں خدمات سرانجام دیں گے ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا کہ تمام ٹیموں کو سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں اور فیلڈ مانیٹرنگ کے لیے موثر نظام بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت یا کوتاہی کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ایک اجلاس میں 15 دسمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ مائیکرو پلان کی ویلیویشن مکمل ہو چکی ہے اور فیلڈ اسٹاف کی تربیت بھی کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے ۔ ویکسین اور دیگر ضروری ساز و سامان مختلف مراکز تک پہنچ چکا ہے اور تقسیم کا عمل جاری ہے۔