پولیس اہلکار گاڑیوں پر کالے شیشے لگا کر گومنے لگے
حکومتی احکامات نظرانداز،گوجرانوالہ ، وزیرآباد میں تعینات اہلکار پرائیویٹ گاڑیوں پر کالے شیشے لگا کر آزادانہ گھوم رہے ، ٹریفک پولیس کارروائی سے گریز اں ،نوٹس کامطالبہ
احمد نگر چٹھہ(نمائندہ دنیا)عام شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے جبکہ درجنوں پولیس اہلکار اپنی پرائیویٹ گاڑیوں پر کالے شیشے لگا کر آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ پولیس اہلکار پنجاب حکومت کے احکامات کو ہوا میں اڑاکر قوانین کی خلاف دھجیاں بکھیرنے لگے جبکہ ٹریفک پولیس بھی اپنے پیٹی بھائیوں کیخلاف کارروائی سے گریز اں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ اور وزیرآباد کے متعدد پولیس سٹیشنز میں تعینات اہلکاروں کی گاڑیوں پرکالے شیشے لگے ہوئے ہیں جبکہ ناکوں پر عام شہریوں کو روک کر جرمانوں پر جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کاکہناہے کہ حکومت نے ا س حوالے سے قانون کو یکساں نافذ کیاہے ، ٹریفک پولیس افسروں و اہلکار وں نے اپنے درجنوں پیٹی بھائیوں کو جرمانے کرنا تو دورکی بات کالے شیشوں پربھی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ زیادہ تر اہلکار کالے پیپر والی پرائیویٹ گاڑیوں میں قانون کی دھجیاں بکھیرتے نظر آتے ہیں۔ شہریوں نے سی ٹی او گوجرانوالہ عائشہ بٹ سے فوری نوٹس لیکر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔