شدید سردی:سیلاب متاثرین بے یارومدد گار ،امراض کاحملہ
سیلاب سے متاثرہ متعددبستیوں میں نقصانات کے سروے کے باوجود متاثرین تاحال حکومتی امداد سے محروم خیموں میں رہائش رکھنا مشکل ،بچے موسمی بیماروں میں مبتلا ،مکانات کی تعمیر نو کیلئے حکومتی امداد کا مطالبہ
ملتان (جام بابر سے )ملتان میں سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ بے یار و مددگار خاندانوں کیلئے خیموں میں رات گزارنا مشکل ہو گیا ہے ،بچے موسمی امراض میں مبتلا ہونے لگے ۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مکانات کی تعمیر نو کیلئے امداد جلد فراہم کی جائے تاکہ انہیں سخت سردی سے بچایا جا سکے ۔ دریائے چناب کے سیلاب نے ملتان ڈویژن کے 136 مواضعات میں شدید تباہی مچائی۔ ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی مختلف فصلیں متاثر ہوئیں جبکہ سینکڑوں مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ۔ پانی اترنے کے بعد حکومت کی جانب سے قاسم بیلا اور محمد پور گھوٹا سمیت سیلاب سے متاثرہونے والی متعدد بستیوں میں نقصانات کا سروے کیا گیا، تاہم متاثرین کی بڑی تعداد تاحال حکومتی امداد سے محروم ہے ۔امداد نہ ملنے کے باعث مالی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور متاثرین کیلئے مکانات کی تعمیر نو ممکن نہیں رہی۔ خیموں میں رہائش اختیار کرنے والے متاثرہ خاندان شدید سردی میں مشکلات کا شکار ہیں جبکہ بچوں میں موسمی بیماریوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس پر والدین شدید پریشان ہیں۔