میپکو : خراب اے ایم آئی تھری فیز میٹر فوری تبدیل کرنے کا ٹاسک

 میپکو : خراب اے ایم آئی تھری فیز میٹر فوری تبدیل کرنے کا ٹاسک

9آپریشن سرکلوں میں 442 تھری فیز میٹر فراہم، ملتان 78، ڈی جی خان 18، وہاڑی 32،بہاولپور 52، ساہیوال 71، رحیم یار کان 43، مظفر گڑھ کیلئے 71میٹرز فراہم

ملتان (خصوصی رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے نومبر 2025ء کے اختتام تک خراب اور جلنے والے اے ایم آئی تھری فیز میٹرز کی فوری تبدیلی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو استعمال شدہ یونٹس کے مطابق درست ریڈنگ اور شفاف بلنگ کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔میپکو انتظامیہ نے زیر التواء تمام خراب تھری فیز میٹرز کی نشاندہی کے بعد ان کی بروقت تبدیلی کی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں میپکو کے 9 آپریشن سرکلوں کو مجموعی طور پر 442 تھری فیز اے ایم آئی میٹرز فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ میپکو ملک جاوید اقبال کی جانب سے جاری کردہ ایلوکیشن کے مطابق ملتان سرکل کو 78، ڈی جی خان سرکل کو 18، وہاڑی سرکل کو 32، بہاولپور سرکل کو 52، ساہیوال سرکل کو 71، رحیم یار خان سرکل کو 43، مظفرگڑھ سرکل کو 71، بہاولنگر سرکل کو 17 اور خانیوال سرکل کو 60 تھری فیز اے ایم آئی میٹرز جاری کئے گئے ہیں۔

تمام آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ریجنل سٹور ملتان سے نئے میٹرز وصول کریں، ان کی تنصیب مکمل کریں اور تازہ ریکارڈ کے ساتھ ہیڈ کوارٹر کو رپورٹ ارسال کریں۔شہری حلقوں کے مطابق خراب میٹرز کی تبدیلی سے ان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا اس ضمن میںشہریوں کو اوور بلنگ سے نجات مل سکے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں