ویمن یونیورسٹی میں منشیات کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد
طلبہ کومنشیات سے محفوظ رکھنا اجتماعی ذمہ داری ، ڈاکٹر کلثوم پراچہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی، ملتان میں منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف مؤثر آگاہی کے لئے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں آگاہی واک، پوسٹرز کی نمائش اور آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی۔اس سرگرمی کا مقصد طالبات میں منشیات کے استعمال کے نقصانات سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور صحت مند و مثبت طرزِ زندگی کو فروغ دینا تھا۔ آگاہی واک میں فیکلٹی ممبر، افسر اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے منشیات کے خلاف نعرے درج پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، جبکہ مختلف مقامات پر لگائے گئے پوسٹرز کے ذریعے منشیات کے جسمانی، ذہنی، سماجی اور تعلیمی نقصانات کو اجاگر کیا گیا۔آگاہی سیشن کے مہمان خصوصی کرنل (ر) وقار اعظم، ڈائریکٹر سی این ایف و نارکوٹکس کنٹرول سٹیشن ملتان ڈویژن، نے منشیات کے استعمال میں خطرناک اضافے ، جرائم سے اس کے تعلق، ذہنی صحت پر اثرات اور معاشرتی نقصانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے انسدادِ منشیات فورس کے روک تھام اور بحالی میں کردار پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات نوجوانوں کے لئے ایک سنگین چیلنج ہے اور طالبات کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔