ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام فیملی میلہ
صحت اور فیملی پلاننگ سے متعلق آگاہی دی گئی ،کھانے کے سٹالز بھی لگائے گئے
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی ہدایت پر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ مظفرگڑھ کے زیر اہتمام ایجوکیشنل فیملی میلہ منعقد ہوا۔ یہ میلہ فیاض پارک میں ہوا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے بطور مہمان خصوصی میلہ میں شرکت کی اور مختلف سٹالز، فیملی پلاننگ کاؤنٹر، فری میڈیکل کیمپ، بچوں کے تفریحی گیمز، میجک شو، کلچرل شو اور صحت مند بچوں کے مقابلے کا جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر فرزانہ کوثر کے مطابق میلہ میں صحت اور فیملی پلاننگ سے متعلق آگاہی کے ساتھ کھانے ، مہندی اور چوڑیوں کے سٹالز بھی قائم کیے گئے تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت، آگاہی اور تفریح ایک ہی جگہ فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ میلے میں سیو ہیلتھ ڈاکٹر فیاض گوپانگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر یوسف سمیت ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔