کوٹ ادو :شدید سردی، سڑکیں سنسان، نظام زندگی مفلوج
بازاروں میں رش معمول سے کم ،کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ضلع کوٹ ادو میں شدید سردی نے نظام زندگی مفلوج کر دی۔ درجہ حرارت 2 سینٹی گریڈ تک گرنے سے سردی کی شدت غیر معمولی ہو گئی۔ شہری گھروں تک محدود ہو گئے اور سردی سے بچاؤ کے لیے جگہ جگہ آگ تاپتے نظر آئے ۔ صبح و شام کے اوقات میں شہر کی اہم سڑکیں سنسان رہیں جبکہ بازاروں میں رش معمول سے کم رہا۔ کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں اور بیشتر دکانیں وقت سے پہلے بند ہو گئیں۔ محنت کش اور دیہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا اور کام کی تلاش میں گھروں سے نکلنے سے قاصر رہا۔ شہریوں نے سردی کے اس طوفان میں انتظامیہ سے اضافی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں شدید سردی کے اثرات کم کیے جا سکیں۔