وہاڑی میں وارداتیں معمول،شہری نقدی،سامان سے محروم
فتح شاہ کی حدود میں ایک گھنٹے میں دو ڈکیتیاں، شہری خوفزدہ،مقدمات درج
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)وہاڑی میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن گئیں،شہری نقدی اور قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے ۔ تھانہ فتح شاہ کی حدود میں ایک گھنٹے کے دوران ڈاکوؤں نے دو ڈکیتیاں کیں جس سے علاقہ مکین خوفزدہ ہو گئے ۔ پہلی واردات دیوان صاحب روڈ، چک نمبر 327 سٹاپ کے قریب پیش آئی جہاں دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے سرف کمپنی کے سیل مین کو روک کر 40 ہزار روپے نقدی چھین لیے ۔ تھوڑی دیر بعد موضع مگھرانہ کے قریب حاصل پور سے آئے شوز سپلائی کرنے والے سیل مین کو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک کر 80 ہزار روپے نقدی لوٹ لی اور فرار ہو گئے ۔دریں اثناء دو ڈاکو پھل فروش محنت کش محمد عرفان سے موٹر سائیکل اور نقدی 3400 روپے چھین کر فرار ہو گئے جبکہ چار دیگر ڈاکوؤں نے عبد الغفار اور سفیان سے نقدی چھین لی۔ تھانہ سٹی اور تھانہ شیخ فاضل کی حدود میں بھی موٹر سائیکل اور آئی فون کی چوری کی وارداتیں ہوئیں۔واقعے کے بعد شہریوں نے پولیس گشت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور ڈی پی او وہاڑی سے فوری مؤثر ناکہ بندی اور گشت بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے ، تاہم تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔