میپکو کی بڑی کارروائی، کاٹن فیکٹری میں بجلی چوری پکڑی گئی
میٹر ٹمپرنگ ثابت، فیکٹری پر پینسٹھ لاکھ جرمانہ، مقدمہ درج، تنصیبات ضبط
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)نے بجلی چوری کے خلاف کبیر والا میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک کاٹن فیکٹری میں میٹر ٹمپرنگ اور بجلی چوری کا سنگین معاملہ پکڑ لیا۔ ترجمان کے مطابق رابرٹ کاٹن، سکنہ ماہنی سیال بائی پاس روڈ کے نام سے رجسٹرڈ میٹر کو مشکوک الارم موصول ہونے پر چیک کیا گیا۔ایکسین کبیر والا ڈویژن ملک کاظم اعوان، ایکسین ایم اینڈ ٹی خانیوال سرکل اور آر ایم ایس بی پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے فیکٹری کا اچانک معائنہ کیا۔ دوران چیکنگ انکشاف ہوا کہ صارف نے بجلی میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رکھی تھی جبکہ میٹر کے اندر غیر قانونی ریموٹ کنٹرول ڈیوائس بھی نصب تھی، جس کے ذریعے بجلی کے استعمال میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی ہیرا پھیری کی جا رہی تھی۔میٹر ٹمپرنگ ثابت ہونے پر صارف کو ایک لاکھ بیس ہزار یونٹس کی ڈیٹیکشن عائد کی گئی۔ جبکہ اس مد میں تقریباً پینسٹھ لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ بھی کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ٹیم نے موقع سے بجلی کی تنصیبات اتار کر تحویل میں لے لیں اور تھانہ صدر کبیر والا میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ریجنل منیجر ایم اینڈ ٹی ٹو ملتان انجینئر راجیش کمار راٹھی نے بتایا کہ میپکو بجلی چوری اور میٹر ٹمپرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔