رمضان بازاروں کیلئے انتظامات کا آغاز،قیمتوں کے تعین کی ہدایت
کھجور، بیسن،دالیں، دودھ ،سبزیوں کی طلب ورسد مدنظر رکھ کر نرخ متعین کئے جائیں گے ، انجمن تاجران کے عہدیداروں سے مشاورت کی جائیگی ،کمشنر عامر کریم
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان ڈویژن میں ماہِ صیام کے انتظامات بارے جامع جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہ صیام کے پیشگی اور مربوط انتظامات کی ہدایت کی گئی ۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو رمضان انتظامات میں جدت، تخلیقی منصوبہ بندی اور عوامی سہولت کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی گئی ۔اجلاس میں گزشتہ سال رمضان بازاروں، قیمتوں کے تعین اور ڈیمانڈ اینڈ سپلائی مینجمنٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ڈویژن بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تعین رمضان سے قبل ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کو مدنظر رکھ کر فکس کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں ۔ کمشنر ملتان نے کھجور، بیسن، دالیں، دودھ اور سبزیوں کی طلب و رسد کا ڈیٹا سائنسی بنیادوں پر مرتب کرنے پر بھی زور دیا۔
کمشنر ملتان ڈویژن نے قیمتوں میں استحکام کے لئے ٹرانسپورٹیشن اور سپلائی چین کا پیشگی اور باریک بینی سے جائزہ لینے کیلئے واضح حکمت عملی مرتب دینے کے لیے ہدایات جاری کیں اس کے علاوہ ماڈل بازاروں میں سبسڈائز ریٹس پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ماڈل اور سہولت بازاروں کو مؤثر انداز میں فعال کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور انجمن تاجران سے ملاقات کر کے باہمی مشاورت سے نرخ فکس کرنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق ، سرکاری نرخوں کے مکمل اطلاق اور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لئے پیرا فورس کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ کمشنر عامر کریم خاں کی ڈپٹی کمشنرز کو ممکنہ مسائل اور اصلاحی تجاویز دو سے تین دن میں ارسال کرنے کی ہدایت اور عوامی سہولت میں بہتری کے لئے ملتان ڈویژن کی سفارشات حکومت پنجاب کو ارسال کی جائیں گی۔