عوام دوست پالیسیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا،احمد یار ہنجرا ء

عوام دوست پالیسیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا،احمد یار ہنجرا ء

وفاق اور پنجاب کی ہم آہنگی سے ترقیاتی عمل میں تیزی آئی،سابق صوبائی وزیر

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک احمدیار ہنجراء نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے نئے اور انقلابی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں عوام دوست پالیسیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے ، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سرپرستی میں وفاق اور پنجاب کے درمیان مثالی ہم آہنگی قابل تحسین ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمدیار ہنجراء نے کہا کہ وزیراعظم صحت کارڈ جیسے منصوبے سے لاکھوں خاندانوں کو معیاری علاج کی سہولت میسر آ رہی ہے ، جس سے عام آدمی کو مہنگے علاج کے بوجھ سے نجات ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے نئے منصوبوں میں صحت، تعلیم، سستی اشیائے خوردونوش، فری ہوم ڈیلیوری، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع، کسانوں کیلئے ریلیف پیکیجز اور عوامی سہولیات کی فراہمی شامل ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دن رات عوامی خدمت کے مشن پر عمل پیرا ہیں۔

اور عملی اقدامات کے ذریعے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہیں۔ سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ایک پیج پر ہیں، جس کی بدولت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز ہوئی ہے اور اس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ملک احمدیار ہنجراء نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض منتخب نمائندے عوام میں رہنے کی بجائے لاہور اور اسلام آباد میں قیام پذیر رہتے ہیں، جبکہ ہنجراء خاندان ہمیشہ عوام میں موجود رہ کر ان کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شائاللہ یہ خدمت کا سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا اور آنے والے دنوں میں مزید فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں گے ، جن کے مثبت نتائج عوام خود دیکھیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں