مظفرگڑھ ،بند دکان سے بیہوش2 مزدور بچا لیے گئے
دونوں کوئلہ جلا کر سوئے تھے ،ایک کی سانس بھی نہیں چل رہی تھیںقریبی تاجروں نے بند دکان سے دھواں نکلتے دیکھ کر ریسکیو کو اطلاع دی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ملتان روڈ پر واقع ایک بند دکان سے دو مزدور بیہوشی کی حالت میں ریسکیو ٹیم نے بچا لیے ۔ دونوں مزدور جمعرات کی رات سخت سردی سے بچنے کے لیے دکان میں کوئلے جلا کر سو گئے تھے ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور دکان کا شٹر گیٹ کاٹ کر دونوں افراد کو باہر نکالا۔ ایک مزدور مکمل بیہوش تھا جبکہ دوسرے کی سانسیں بھی نہیں چل رہی تھیں۔ ریسکیو نے فوری طور پر سی پی آر دے کر دونوں مزدوروں کی سانسیں بحال کیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کر دیا۔ریسکیو کے مطابق بچائے گئے مزدور 57 سالہ رفاقت علی اور 33 سالہ وقاص جاوید ہیں جو لاہور سے تعلق رکھتے ہیں۔ دکان کے قریب کاروبار کرنے والے دکانداروں نے بند دکان سے دھواں نکلتے دیکھ کر ریسکیو کو اطلاع دی جس کی وجہ سے بروقت کارروائی کر کے مزدوروں کی جان بچائی جا سکی۔ اس واقعے نے علاقے میں انسانیت اور بروقت امداد کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی بروقت کارروائی کی بھی تعریف کی گئی۔