سیکرٹری سکولز کا کل سے تعلیمی اداروں کے دوروں کا اعلان
تعلیمی، انتظامی ،ریکارڈ سے متعلق امور مکمل کرنے کی ہدایات جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)سیکرٹری سکولز پنجاب نے دو فروری سے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کے اچانک دوروں کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ سکولز پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل (مانیٹرنگ)کی جانب سے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز)اورضلعی تعلیمی اتھارٹیز (ڈی ای اے )کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری سکولز سوموار سے بغیر پیشگی اطلاع مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے ، اس لئے تمام اضلاع فوری اور مؤثر تیاری یقینی بنائیں۔تمام ضلعی سی ای اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان دوروں کے لئے ہر لحاظ سے اپنی تیاری مکمل رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ سکولوں میں تعلیمی، انتظامی اور ریکارڈ سے متعلق تمام امور درست اور مکمل ہوں۔ ہدایات کے مطابق دوروں کے لئے ایک مخصوص پروفارما بھی جاری کیا گیا ہے۔
، جسے فوری طور پر تمام سرکاری سکولوں کے سربراہان تک پہنچایا جائے گا۔محکمہ سکولز نے واضح کیا ہے کہ تمام ہیڈماسٹرز اور ہیڈمسٹریسز اس پروفارما میں درکار تمام معلومات بروقت مکمل کریں اور ریکارڈ ہمہ وقت دستیاب رکھیں۔ دورے کے دوران فراہم کردہ معلومات کی زمینی حقائق سے تصدیق کی جائے گی، لہٰذا کسی بھی قسم کی غلط، نامکمل یا گمراہ کن معلومات ناقابل قبول ہوں گی۔مزید کہا گیا ہے کہ معلومات کی درستگی، شفافیت اور ریکارڈ کی تکمیل کو خصوصی اہمیت دی جائے ۔ تمام افسر اور سکول سربراہان سے توقع کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے اور ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں گے ، تاکہ تعلیمی نظام کی بہتری اور نگرانی کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے ۔