سکول پر مبنی تشخیص کے نتائج ایک ہفتے میں اپ لوڈکرنیکاحکم

سکول پر مبنی تشخیص کے نتائج ایک ہفتے میں اپ لوڈکرنیکاحکم

نتائج تاخیر سے اپ لوڈ ہونے پر ضلعی سی ای او کے خلاف کارروائی ہوگی

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2025-26 کے لئے سکول پر مبنی تشخیص (ایس بی اے )سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ہدایات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پی ای سی ٹی اے اے ) اور پروگرام مینجمنٹ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ (پی ایم آئی یو) اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ تشخیص کے نتائج ایک ہفتے کے اندر سکول انفارمیشن سسٹم (ایس آئی ایس) پر اپ لوڈ کر دیئے جائیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں نتائج اپ لوڈ نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ضلع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے خلاف ڈسپلنری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی پی ای سی ٹی اے اے اور پی ایم آئی یو کو مشترکہ طور پر ڈیٹا بیس کے اعداد و شمار بھی شیئر کرنا ہوں گے ، جن میں پرچہ جات تیار کرنے والے اساتذہ کی تفصیلات اور طلبہ کے سیکھنے کے نتائج (ایس ایل اوز) شامل ہوں گے ۔

پی ای سی ٹی اے اے کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے ٹرم اور مڈ ٹرم کے دوران جماعت اول اور دوم کی زبانی تشخیص بھی منعقد کی جائے گی۔ ان تشخیصات کے نتائج بھی لازمی طور پر ایس آئی ایس پر اپ لوڈ کئے جائیں گے تاکہ طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کا بروقت جائزہ لیا جا سکے ۔مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ہر ٹرم کے امتحانات کا شیڈول پی ای سی ٹی اے اے کی جانب سے مرتب کیا جائے گا، جسے محکمہ سکولی تعلیم کی باقاعدہ منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔ محکمہ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد تعلیمی نظام میں شفافیت، بروقت مانیٹرنگ اور طلبہ کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں