یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ڈاک ٹکٹوں کی نمائش

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ڈاک ٹکٹوں کی نمائش

عوام میں آگاہی کیلئے ہر سال کشمیریوں کیلئے ڈاک ٹکٹ جاری کیا جاتا،ہما کنول

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان جی پی او میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر سال 2026کے کشمیر ڈے کے حوالے سے جاری کی گئی یادگاری ڈاک ٹکٹ کی نمائشی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ریجنل پولیس آفیسر ملتان سہیل چودھری تھے ۔ انہوں نے کشمیر ڈے کے موقع پر جاری کی گئی ڈاک ٹکٹ اور دیگر یادگاری ٹکٹوں کی نمائش پر پاکستان پوسٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل چودھری نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا پیغام عالمی سطح پر پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور ہر فورم پر ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔چیف پوسٹ ماسٹر ملتان جی پی او ہما کنول نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ ہر سال یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کرتا ہے تاکہ عوام میں مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہی پیدا کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا مقصد نئی نسل کو کشمیر کاز سے جوڑنا ہے ۔ٹکٹ کلکٹر طیب احسان نے عوام کو ڈاک ٹکٹوں کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے گزشتہ برسوں میں جاری کی گئی یادگاری ڈاک ٹکٹیں بھی نمائش کے لئے پیش کیں، جنہیں شرکاء نے گہری دلچسپی سے دیکھا۔نمائش کے اختتام پر محکمہ ڈاک کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اظہارِ یکجہتی ریلی بھی نکالی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں