پاکستان کا ہر شہری عالمی سطح پر کشمیر کا سفیر : محمد خان ڈاہا
5 فروری بھارتی وحشیانہ چہرے کو دنیا کے سامنے عیاں کرنے کا دن : ملیحہ رشید
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے تحت ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر سرکاری سطح پر منایا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر خانیوال اور ضلع کی تمام تحصیلوں میں تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی۔جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کی، جس میں ایم این اے محمد خان ڈاہا اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز خالد عباس سیال اور غلام مصطفیٰ سیہڑ، ایس پی پنجاب پولیس جان محمد، اسسٹنٹ کمشنر خانیوال، چیف آفیسر ضلع کونسل ملک زاہد خلیل،سرکاری افسران، سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات، میڈیا نمائندگان اور شہریوں ,سکولوں کے طلبہکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار کے آغاز میں مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات نے تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے جدوجہدِ آزادیٔ کشمیر کو اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ 5 فروری بھارتی وحشیانہ چہرے کو دنیا کے سامنے عیاں کرنے کا دن ہے اور آج کا دن کشمیری عوام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری اپنی سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے ۔ایم این اے محمدخان ڈاہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر جنت نظیر وادی کو بھارت نے دنیا کی بدترین جیل میں بدل دیا ہے اور پاکستان اور اس کا ہر شہری عالمی سطح پر کشمیر کا سفیر ہے ۔سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید اور ایم این اے محمد خان ڈاہا کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔