زرعی مشینری کا جدید ڈسپلے سنٹر قائم
ماڈل ایگریکلچر مال میں سنٹر بنایا گیا ، جدید مشینری ، زرعی مداخل ایک ہی چھت تلے میسرآسکیں گے ،حکومتی اعانت سے پیداوار میں اضافہ، فصلوں کی لاگت میں کمی ممکن ہوگی 9ارب کی لاگت سے ہائی ٹیک فارم میکنائزیشن فنانسنگ پروگرام شروع کردیا،12اقسام کی زرعی مشینری کیلئے 3کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جارہا،ڈاکٹر آصف علی
ملتان (وقائع نگار خصوصی)محکمہ زراعت (فیلڈ وِنگ) ملتان کی جانب سے ہائی ٹیک زرعی مشینری کے فروغ کیلئے ماڈل ایگریکلچر مال ملتان میں ڈسپلے سنٹر قائم کر دیا گیا، جس کا افتتاح وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ جدید زرعی مشینری کا استعمال زرعی پیداوار میں اضافے اور لاگت میں کمی کیلئے ناگزیر ہے ، حکومت پنجاب کا یہ اقدام کسان دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہے ۔سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی نے کہا کہ یہ منصوبہ کسانوں کی آمدن میں اضافہ اور زرعی میکانائزیشن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل زرعی انجینئرنگ محمد افضل طاہر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر 9 ارب روپے کی لاگت سے ‘‘ہائی ٹیک فارم میکنائزیشن فنانسنگ پروگرام’’ شروع کیا گیا ہے ، جس کے تحت 12 اقسام کی زرعی مشینری کیلئے 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قرضہ کی واپسی کیلئے 6 ماہ کی رعایتی مدت جبکہ اصل رقم 5 سال میں سہ ماہی یا ششماہی اقساط میں ادا کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ملتان ریجن سے اب تک 1785 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 92 قرضے منظور اور 88 الائمنٹ آرڈرز جاری کئے جا چکے ہیں۔تقریب میں زرعی مشینری کی نمائش بھی کی گئی جو 11 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔