انڈس ہسپتال :پیدائشی کلب فٹ کا شکار بچوں کامیاب علاج
2021 سے 2025 تک 206 بچے مکمل صحت یاب ،ڈاکٹر گوہر نواز خانرجسٹرڈ بچوں کی تعداد 885 تک پہنچ گئی، ماہرین کا علاج جاری رکھنے کا عزم
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)رجب طیب اردگان انڈس ہسپتال مظفرگڑھ میں ’’کلب فٹ سے جیت کا جشن‘‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پیدائشی کلب فٹ کے شکار بچوں کے کامیاب علاج پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ تقریب میں شفایاب بچوں، ان کے والدین، طبی ماہرین اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر انڈس ہسپتال و ہیلتھ نیٹ ورک ڈاکٹر عبدالباری خان، سی ای او نیٹ ورک ڈاکٹر سید ظفر زیدی ، میڈیکل ڈائریکٹر نیٹ ورک ڈاکٹر شیمویل اشرف ، ڈاکٹر محمد امین چنائے ایگزیکٹو ڈائریکٹر و ہیڈ آف آرتھوپیڈکس انڈس نیٹ ورک،ڈاکٹر عائشہ سعید آتھوپیڈک سرجن انڈس ہسپتال کراچی ،ڈاکٹر عرفان جاوید گدارا ہیڈ آف کیمپس آرٹی ای ایچ،ڈاکٹر شیراز حسن بھٹہ میڈیکل ڈائریکٹر آرٹی ای ایچ،محمد اسلم خان ہیڈ آف آپریشنز آرٹی ای ایچ سمیت شفاء یاب بچے ،ان کے والدین و دیگر معززین شریک تھے ۔ ڈاکٹر گوہر نواز خان ہیڈ آف آرتھو پیڈک ڈیپارٹمنٹ نے شرکاء کو ’’پہلا قدم‘‘پروگرام کی سالانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر گوہر نواز خان نے بتایا کہ 2021 سے 2025 تک مجموعی طورپر 206 بچے مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں، رجسٹرڈ بچوں کی مجموعی تعداد 885 تک پہنچ گئی ہے ۔ ڈاکٹر محمد امین چنائے نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ اس عزم پر قائم ہے کہ کلب فٹ کا شکار کوئی بھی بچہ علاج سے محروم نہیں رہے گا،خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے ایسے منصوبے نہایت اہم ہیں۔مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیل گل سابق ہیڈ آف آرتھوپیڈکس ڈیپارٹمنٹ نشتر ہسپتال ملتان نے کہا کہ رجب طیب اردگان ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن قابل ستائش ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال پرنسپل علامہ اقبال ٹیچنگ میڈیکل کالج ڈی جی خان نے کہا یہ ادارہ دیگر صوبوں سے آنے والے مریضوں کے لیے بھی امید کی علامت ہے ۔منیجر ’’پہلا قدم‘‘ پروگرام سعدیہ احمد نے کہا ہر سال سینکڑوں بچوں کا مفت علاج اور فالو اپ وزٹس کیلئے سفری اخراجات ادا کیے جاتے ہیں۔ اختتام پر شفایاب بچوںمیں اسناد اور تحائف تقسیم کیے گئے ۔