ملتان سمیت 4اضلاع میں کپاس کی اگیتی کاشت کا حکم
ملتان (وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ صوبے میں کپاس کی اگیتی کاشت کا ہدف سات لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے ۔
ملتان، ڈی جی خان، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنز میں اگیتی کپاس کاشت کی جائے گی جبکہ بہاولپور ڈویژن میں صرف موسمی کپاس کی کاشت ہوگی۔یہ بات انہوں نے زرعی یونیورسٹی ملتان میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں اگیتی کاشت کے ایکشن پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مکسی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی اور دیگر افسر و کاٹن گروورز نے شرکت کی۔سیکرٹری زراعت نے ہدایت کی کہ اگیتی کاشت کے لئے صرف منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور ڈویژن کو کاٹن ویلی بنانے کے لئے تقریباً دو ارب روپے کے منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے ۔اور پیداواری اہداف کے حصول کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس میں گندم کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ غیر جانبدار ذرائع نے پنجاب میں ایک کروڑ پینسٹھ لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کی کاشت کی تصدیق کی ہے اور فیلڈ رپورٹس کے مطابق فصل بہتر حالت میں ہے ۔