نشتر،بہترین طبی سہولیات کا ٹاسک ،انتظامیہ متحرک
شکایات کے فوری ازالے کیلئے موثر نظام قائم کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے انہیں مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، او پی ڈی، وارڈز، لیبارٹری اور فارمیسی سمیت مختلف یونٹس کا جائزہ لیا اور صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، عملے کی حاضری اور مریضوں کے ساتھ حسنِ سلوک پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے موثر نظام قائم کیا جائے اور علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے یقین دہانی کرائی کہ طبی سہولیات کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔