وہاڑی ہسپتال میں معیاری طبی سہولتوں کیلئے انتظامات مکمل

وہاڑی ہسپتال میں معیاری طبی سہولتوں کیلئے انتظامات مکمل

وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میاں احمد نواز نے کہا ہے کہ۔۔۔

ضلعی ہسپتال میں عوام کو معیاری علاج و معالجہ کی فراہمی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں براہِ راست ان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے تاکہ مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ڈاکٹر احمد نواز نے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ کی استعداد کار کو 24 بیڈز سے بڑھا کر 40 تک کیا جا رہا ہے ، جس سے ایمرجنسی میں مریضوں کو درپیش اکثر مسائل حل ہو جائیں گے ۔ او پی ڈی شعبہ میں کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی ڈیوٹی ٹائمنگ کی سختی سے پابندی کرائی گئی ہے اور تمام پیرا میڈیکل اسٹاف اور سینئر و جونیئر ڈاکٹرز محکمہ ہیلتھ کے قواعد و ضوابط پر عمل کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام وارڈز میں بہتر علاج اور تمام ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور عوام ہر دستیاب سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ ہسپتال میں کیتھ لیب کا کام مکمل ہو چکا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گی۔ کیتھ لیب کے فعال ہونے سے دل کے مریضوں کو لاہور یا ملتان جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ضلعی سطح پر جدید علاج ممکن ہو جائے گا۔ ڈاکٹر احمد نواز نے عزم ظاہر کیا کہ ضلعی ہسپتال کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کر کے عوام کو باوقار اور معیاری طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں