پنجاب میں عوامی فلاحی منصوبے مسلم لیگ ن کے تحت جاری
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن نے پنجاب بھر میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن سے عام آدمی براہِ راست مستفید ہو رہا ہے ۔
یہ بات مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے میاں ثاقب خورشید نے پریس کلب کرم پور میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گرین ٹریکٹر اسکیم، زرعی آلات کی فراہمی، ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام، بیوہ خواتین کو مویشی فراہم کرنا، صحت کارڈ، ہمت کارڈ اور راشن کارڈ جیسے منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔ دیہات کو منڈیوں سے جوڑنے کے لیے سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کسان اپنی اجناس بروقت اور آسانی سے پہنچا سکیں۔میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں اور چھوٹے کاروبار کو بلاسود یا آسان شرائط پر سرمایہ فراہم کیا جا رہا ہے ۔ تاجروں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی پیکجز اور ماہِ رمضان میں سستے بازاروں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے منصوبے جاری رکھے جائیں گے ۔ صحافیوں نے مختلف سوالات کیے جن کے ایم پی اے نے تفصیلی جوابات دیے ، جبکہ پریس کلب کے ممبران اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔