خانیوال میں مٹی سے بھری ٹرالیاں شہریوں کیلئے عذاب

خانیوال میں مٹی سے بھری ٹرالیاں شہریوں کیلئے عذاب

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) چوک کھوکھراں آباد سے اعوان چوک تک مٹی سے بھری ٹرالیوں نے علاقہ مکینوں کا جینا دوبھر کر دیا۔

 ترپال نہ ڈالنے کے باعث مٹی مسلسل سڑک پر گرتی رہتی ہے جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق سڑک پر پھیلی مٹی کے باعث پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ تیز رفتار گاڑیاں مٹی اڑاتی ہیں جس سے فضا آلودہ ہو رہی ہے اور شہری سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ گرد و غبار کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑ رہا ہے ۔شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام کو بارہا آگاہ کیا گیا مگر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر خانیوال اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لے کر ٹرالیوں کو ترپال ڈالنے کا پابند بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ممکنہ حادثات اور بیماریوں سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں