جنوبی پنجاب: شرح خواندگی میں نمایاں کمی
راجن پور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یارخان کم ترین شرح خواندگی والے اضلاع، لاہور میں 80فیصد پڑھے لکھے افراد موجود، تعلیمی معیار ، سہولیات بھی سب سے بہترپائی گئیںگوجرانوالہ،راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا ، جہلم میں انفرسٹراکچر، انرولمنٹ ، نتائج کے لحاظ سے اوسط سے بہتر کارکردگی،ملتان میں طلبہ کو دیگر شہروں جیسی سہولیات نہ مل سکیں
ملتان (خصوصی رپورٹر)جنوبی پنجاب میں شرح خواندگی میں ریکارڈ کمی ہوگئی تفصیل کے مطابق پاکستان بیورو آف سٹیٹکس اور فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کی جامع تعلیمی درجہ بندی رپورٹ سامنے آ گئی ہے جس میں پنجاب کے تمام اضلاع کے سرکاری سکولوں کے معیار، مصنوعات، انرولمنٹ، انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے اس رپورٹ کا مقصد صوبے میں تعلیم کے موجودہ حالات، تعلیمی معیار کے فرق، اور شہری و دیہی علاقوں کے مابین تفاوت کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ پالیسی ساز بہتر فیصلے کر سکیں رپورٹ کے مطابق رحیم یار خان نے تعلیمی درجہ بندی میں نیچے تین اضلاع میں جگہ بنائی ہے اور اس نے سب سے کم خواندگی کی شرح بھی ریکارڈ کی ہے ، جو راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے نزدیک ہے اسی طرح راجن پور اور ڈیرہ غازی خان بھی کمزور تعلیمی کارکردگی والے اضلاع میں شامل ہیں جہاں بنیادی سہولیات اور معیاری تعلیم دونوں میں نمایاں کمی نظر آتی ہے ۔دوسری طرف لاہور میں تعلیمی معیار اور سہولیات کی بہتری دیکھی گئی ہے ، جہاں تقریباً 80 فیصد بنیادی خدمات اور تعلیم سے متعلق انڈیکیٹرز بہتر ہیں،
جس کی وجہ سے لاہور نے پانچویں مقام حاصل کیا ہے گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا اور جہلم جیسے اضلاع نے نسبتاً بہتر انفراسٹرکچر، بچوں کی انرولمنٹ اور نتائج کے لحاظ سے اوسط سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے ، جس سے وہاں تعلیم کے معیار میں مجموعی بہتری کا رجحان موجود ہے ۔تاہم دوسری جانب بہاولپور، بہاولنگر، جھنگ، لیہ، وہاڑی اور مظفر گڑھ جیسے اضلاع نے درمیانی سے کم کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، جہاں بنیادی سہولیات بشمول صاف پانی، بجلی اور اساتذہ کی کمی نے تعلیمی معیار پر منفی اثر ڈالا ہے ۔ملتان کا تعلیمی جائزہ بھی رپورٹ میں شامل کیا گیا ہے اس ضلع نے متوسط سطح کی کارکردگی ظاہر کی ہے ۔ ملتان میں سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی دیگر بڑے شہروں جتنی مضبوط نہیں ملی، اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔ تاہم، رپورٹ کے مطابق ملتان نے سب سے نیچے آنے والے اضلاع کے مقابلے میں بہتر نتائج دکھائے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں تعلیم کے متعدد اہم شعبوں میں اصلاحات کی گنجائش موجود ہے اور ترقی کی راہ ہموار ہے ۔ماہرین نے کاکہنا ہے کہ رپورٹ میں تعلیم اور انفراسٹرکچر کے انڈیکیٹرز کے تجزیے سے واضح فرق سامنے آیا ہے ، جس میں شہری علاقوں خاص طور پر لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں تعلیم کی بہتر شرح اور سہولیات پائی گئیں ۔