میپکو کی استعداد میں اضافہ 80 جدید بکٹ مائونٹڈ گاڑیاں فراہم

میپکو کی استعداد میں اضافہ 80 جدید بکٹ مائونٹڈ گاڑیاں فراہم

فیلڈ سٹاف کی حفاظت، شکایات کے فوری ازالے کیلئے اقدام اٹھایا گیا ، 78ڈرائیورز، کرین آپریٹرز کی تربیت مکمل، بجلی کی بلاتعطل ترسیل ممکن ہوسکے گی، گل محمد زاہد

ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد کی ہدایت پر فیلڈ سٹاف کی قیمتی جانوں کے تحفظ اور صارفین کو بروقت و محفوظ سہولیات کی فراہمی کے لئے فیلڈ فارمیشن کو 80 جدید انسولیٹڈ بکٹ ماؤنٹڈ گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ میپکو میجر (ر) فرخ جاوید گھمن نے کہا ہے کہ یہ خصوصی گاڑیاں لائن سٹاف کی حفاظت یقینی بنانے اور بجلی سے متعلق شکایات کا کم سے کم وقت میں ازالہ کرنے کے لئے خریدی گئی ہیں۔ بکٹ کرینیں میپکو کے آپریشن، جی ایس او سرکلوں اور جی ایس سی ڈائریکٹوریٹ کو فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جدید گاڑیوں کے مؤثر اور محفوظ آپریشن کے لئے ٹرانسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کی کاوش سے متعلقہ شعبوں سے نامزد 78 ڈرائیورز اور کرین آپریٹرز کے لئے چار روزہ ریفریشر ٹریننگ کورس کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ غلام عباس کی نگرانی میں یہ خصوصی تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔کمپنی کے ماہر ٹرینرز نے بکٹ ماؤنٹڈ کرین گاڑیوں کے استعمال، محفوظ آپریشن، احتیاطی تدابیر اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے جامع تربیت فراہم کی۔میجر (ر) فرخ جاوید گھمن کا کہنا تھا کہ جدید مشینری کی فراہمی اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے فیلڈ سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ بجلی کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں